وزڈن کے بہترین کرکٹرس میں محمد رضوان شامل

   

لندن : ’وزڈن‘ نے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور پاکستان کے وکٹ کیپر ؍ بیٹسمن محمد رضوان عمدہ کارکردگی کی بدولت اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ وزڈن کو ’’کرکٹ کا بائبل‘‘ تصور کیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ وزڈن کے منتخب کھلاڑیوں میں انڈیا کا کوئی بیٹسمن جگہ نہ بنا سکا۔ وزڈن نے رضوان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور انگلینڈ کے زیک کرالی، ڈومینک سبلی اور ڈیرن اسٹیونز کو بھی سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے لگاتار دوسرے سال بہترین کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔ 15 اپریل کو شائع ’وزڈن المانیک‘ کے شمارہ میں اسٹوکس کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 58.28 کی اوسط سے سب سے زیادہ 671 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 19 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وزڈن نے آسٹریلیا کی بیتھ کو سال کی بہترین وومن کرکٹر جبکہ کیرن پولارڈ کو بہترین ٹی20 کرکٹر قرار دیا ہے۔