وزیراعظم،صدرجمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے وزیر اعلی کے سی آر کو یوم ولادت کی مبارک باد پیش کی

,

   

حیدرآباد: صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کو فون کرکے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ آفس کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے ذاتی طور پر وزیراعلیٰ کو فون کیا اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے بھی کے سی آر کو فون کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ریاستی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق کلواکنٹلا چندر شیکر راؤ، جو کے سی آر کے نام سے مشہور ہیں، کی پیدائش چنتاماڈاکا، ضلع میدک میں 17 فروری 1954 کو ہوئی تھی۔وہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (TRS) کے بانی صدر بھی ہیں جو تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کی تحریک میں سب سے آگے تھے۔وہ مختلف حلقوں سے متعدد بار قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے ہیں۔ مزید یہ کہ وہ ممبر پارلیمنٹ بھی رہے اور کابینہ کے وزیر برائے محنت و روزگار کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔2014 کے انتخابات میں، ٹی آر ایس نے 119 میں سے 63 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور اس طرح حکومت سازی کے لیے مطلوبہ تعداد میں قانون سازوں کو حاصل کیا۔ کے سی آر نے تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے طور پر حلف لیا۔2018 کے اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر، چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے 88 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور کے سی آر نے 13 دسمبر 2018 کو دوبارہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے طور پر حلف لیا۔