نیا آئینی بل : ایجنسیاں بنیں گی حکومت گرانے کا ہتھیار، اپوزیشن کا الزام اور سخت احتجاج
نئی دہلی ۔10 اگست (ایجنسیز) مرکزی حکومت نے آج پارلیمنٹ میں تین بڑے بل پیش کر کے سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ ان بلز کے مطابق اگر وزیراعظم، وزیر اعلیٰ یا کوئی وزیر کسی کیس میں 30 دن مسلسل عدالتی حراست میں رہتا ہے، تو وہ خودکار طور پر اپنا عہدہ کھو دے گا۔ یہ بلز۔ آئین (130ویں ترمیم) بل، حکومتِ یونین ٹیریٹریز ترمیمی بل، اور جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025 ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایوان میں پیش کیے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام سیاست میں جرائم کے خاتمے کے لیے بڑا اصلاحی قدم ہے، تاہم اپوزیشن نے ان بلز کو “ڈریکونین’’ قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت ان قوانین کا سہارا لے کر اپوزیشن حکومتوں کو غیر مستحکم کرے گی۔ کانگریس ایم پی ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا:’’بغیر الیکشن جیتے، اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ کو گرفتار کر کے حکومتیں گرا دینا سب سے آسان طریقہ ہے۔حالیہ برسوں میں کئی بڑے لیڈرز کو ای ڈی اور سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔ مثال کے طور پر گزشتہ سال دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال شراب پالیسی کیس میں چھ ماہ جیل میں رہے۔ انہوں نے جیل سے ہی حکومت چلائی اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد استعفیٰ دیا۔ اگر نیا قانون اس وقت موجود ہوتا، تو کیجریوال 31ویں دن پر خودکار طور پر عہدہ کھو دیتے۔ اسی طرح تمل ناڈو کے وزیر وی سنتھل بالاجی کی گرفتاری پر بھی بڑی سیاسی لڑائی ہوئی تھی، جب کہ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے ای ڈی کی کارروائی سے ایک دن پہلے استعفیٰ دے دیا تھا۔ نئے بل کے تحت صرف ان کیسز میں عہدہ ختم ہوگا، جن میں کم از کم 5 سال یا اس سے زیادہ کی سزا مقرر ہے۔ تاہم اس میں سزا یا قصوروار ٹھہرائے جانے کی شرط نہیں رکھی گئی، صرف 30 دن کی عدالتی حراست کافی ہے۔ اس قانون کے تحت وزیراعظم یا وزیر اعلیٰ رہائی کے بعد دوبارہ صدر یا گورنر کی منظوری سے بحال ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ مہینوں میں سپریم کورٹ نے ای ڈی کی کارروائیوں پر سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ای ڈی کو سیاسی جنگوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ای ڈی کو قانونی حدود میں رہنا چاہیے۔ یہی وہ پس منظر ہے جس میں اپوزیشن ان بلز کو حکومت کا ہتھیار قرار دے رہی ہے تاکہ اپوزیشن لیڈرز کو گرفتار کر کے ان کی حکومتیں گرا دی جائیں۔
آن لائن گیمنگ بل منظور
نئی دہلی۔ 20 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں آج اپوزیشن کے شور و غل کے دوران ’’آن لائن گیمنگ کے فروغ اورانضباط سے متعلق بل، 2025‘‘ کو ندائی ووٹ کی بنیاد پر منظور کر لیا گیا۔ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے تیزی سے ترقی کی ہے ، جس سے تعلیم اور کھیل کے میدان میں سیکھنے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔