وزیراعظم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے میں نہیں پیغام دینے میں یقین رکھتے ہیں:کانگریس

   

نئی دہلی: 29 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل آج وزیر اعظم نریندر مودی کے دیے گئے پیغام پر کہا ہے کہ وہ کسی بھی معاملے پر اپوزیشن کو ساتھ لینے کی پہل کرنے کے بجائے محض بیان بازی پر یقین رکھتے ہیں۔ کانگریس کے شعبئہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر الزام لگایا کہ پی ایم مودی نہ تو آل پارٹی میٹنگ بلاتے ہیں اور اگر بلاتے بھی ہیں تو خود اس میں شرکت نہیں کرتے ۔ یہاں تک کہ وہ پارلیمنٹ میں ضروری عمل کی پیروی کیے بغیر ہی بل پاس کرا لیتے ہیں اور اپوزیشن کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے لیکن پارلیمنٹ کے ہر اجلاس کے آغاز سے پہلے پیغام دینا نہیں بھولتے ۔ انہوں نے کہا، ”وہ قومی مسائل پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لیے نہ تو آل پارٹی میٹنگز بلائیں گے اور نہ ہی ان کی صدارت کریں گے ۔ وہ آخری وقت میں بل پیش کرائیں گے اور ضروری پارلیمانی جانچ پڑتال کے بغیر انہیں پارلیمنٹ میں بلڈوزر کی طرح پاس کرا لیں گے ۔