لندن 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے کہاکہ انھیں کورونا وائرس کی معمولی علامتوں کا تجربہ ہونے کے بعد ٹسٹ کروایا تو یہ پازیٹیو پایا گیا۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے وہ دنیا کے پہلے لیڈر ہیں جنھوں نے اپنے ٹسٹ کے پازیٹیو ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بورس جانسن کے اعلان کے چند منٹوں کے بعد ہی ان کے ہیلت سکریٹری میتھ ہنکوک نے بھی ٹوئٹ کیا کہ وہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور گوشہ نشینی اختیار کرلی ہے۔ ٹوئٹر پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو پیام میں 55 سالہ وزیراعظم جانسن نے کہاکہ برطانیہ میں مہلک وائرس سے نمٹنے کے لئے اِن کی حکومت مسلسل کام کررہی ہے۔ اِس وائرس سے برطانیہ میں اب تک 578 اموات ہوئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجھے ہلکا سا بخار محسوس ہوا اور میں نے ٹسٹ کروایا تو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اب میں خود کو گوشۂ تنہائی میں ڈال رہا ہوں لیکن میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اپنے سرکاری کام انجام دوں گا اور اِس کے ساتھ ہی وائرس سے بھی لڑتا رہوں گا۔ ہیلت سکریٹری ہنکوک نے جو برطانیہ میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے وزیراعظم جانسن کی ٹیم کے اہم رکن ہے، ویڈیو پیام میں کہاکہ انھیں جمعرات کے دن وائرس کی تصدیق کی گئی۔ 41 سالہ ہنکوک نے کہاکہ بدقسمتی سے مجھ پر بھی وائرس نے حملہ کیا ہے۔ یہ معمولی سا دکھائی دیا لیکن ٹسٹ کرنے پر پازیٹیو پایا گیا۔ برطانیہ کے دو اہم شخصیتوں کے اعلانات کے بعد ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ کئی سینئر وزراء اور سیول سرونٹس نے بھی ٹن ڈاؤننگ اسٹریٹ پہونچ کر وزیراعظم کی مزاج پرسی کی۔