وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن کا دورۂ ہندوستان ممکن نہیں

,

   

یوم جمہوریہ تقریب میںشرکت غیر یقینی، برطانیہ میں کورونا کی نئی شکل کے بعد ڈاکٹرس کا بیان

نئی دہلی : وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن کا دورۂ ہندوستان ممکن نہیں ہے۔ آئندہ ماہ دہلی میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ تقریب کیلئے انہیں مہمان خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل تیزی سے پھیلنے کے بعد حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم برطانیہ کا دورۂ ہندوستان غیر یقینی ہوگیا ہے۔ برٹش میڈیکل اسوسی ایشن کونسل کے چیرمین ڈاکٹر چندناک پال نے کہا کہ برطانیہ میں وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر حکومت برطانیہ کیلئے یہ فیصلہ کرنا قبل از وقت ہوگا کہ بورس جانسن ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اگر وائرس اسی طرح پھیلتا رہا تو دورہ غیر یقینی ہوگا ۔ وزیراعظم کے دورہ کیلئے ابھی چند ہفتے باقی ہیں ، اس سے قبل ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ برطانیہ میں روز کی اساس پر ہم کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن اور دیگر علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ۔ کورونا کی نئی شکل کے وائرس پر قابو پانا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔

برطانوی عوام پریشان نہ ہوں
معمول کے مطابق زندگی گزاریں، وزیراعظم بورس جانسن کا بیان
لندن : وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں وائرس کی نئی شکل سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام معمول کے مطابق شاپنگ کریں، روز مرہ کی مصروفیات کو جاری رکھیں، عوام کے لئے خوراک اور ادویات کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر وزیراعظم بورس جانسن نے پریس کانفرنس طلب کی اور کہاکہ بندرگاہ ڈوور پر بحران کے حل کے لئے فرانسیسی حکام سے بات چیت جاری ہے۔ نئے وائرس سے متعلق مختلف ممالک کے تحفظات اور فکر سے وہ بھی واقف ہیں۔ برطانیہ میں 5 لاکھ افراد کو ویکسن دی جاچکی ہے۔ کورونا وائرس کی نئی شکل کا پتہ چلنے کے بعد حکومت برطانیہ نے اِس وائرس کو قابو سے باہر بتایا تھا اور کہا تھا کہ ملک میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔ برطانیہ کے عوام خاص کر لندن کے شہری اِس سخت ترین لاک ڈاؤن سے بچنے کے لئے لندن چھوڑ کر بھاگنے لگے ہیں۔ یومیہ ہزاروں لوگوں کے متاثر ہونے کے درمیان سینکڑوں افراد بھی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ وائرس سے ہونے والی اموات کو دیکھتے ہوئے عوام شہروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کو منتقل ہورہے ہیں۔ انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں بھی چوتھے درجہ کی پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وائرس کی نئی شکل کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ حکومت کی جانب سے نافذ کی جانے والی پابندیوں سے بچنے کے لئے لوگ لندن سے فرار ہورہے ہیں۔