ٹوکیو 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم جاپان شینزوابے نے پیر کے روز اعلان کیاکہ جاپان کی جانب سے جاریہ سال G-20 چوٹی کانفرنس کی میزبانی سے قبل وہ امریکہ، کینیڈا اور فرانس کا جاریہ ماہ دورہ کریں گے جس کا 22 اپریل کو آغاز اور اختتام 29 اپریل کو ہوگا۔ اپنے دورہ کے دوران موصوف اٹلی، بیلجیم اور سلواکیہ میں بھی توقف کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ اس دورے کا اہتمام ایک ایسے وقت کیا جارہا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی بات چیت بھی فیصلہ کن مراحل میں داخل ہورہی ہے جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کو قطعیت دیئے جانے کی توقع ظاہر کی ہے۔ شینزوابے نے کہاکہ اُن کے اس دورہ کا مقصد اُساکا میں 28 اور 29 جون کو منعقد شدنی G-20 چوٹی کانفرنس کے انعقاد کو کامیاب بنانا ہے۔