عوام کے تعاون کے سبب کورونا وائرس کے پھیلاو میں کمی ‘ چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراو نے ریاست میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کے سبب کورونا وائرس پھیلنے کے واقعات میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام اگر مزید چند دن اس انداز میں لاک ڈاون کی تائید پابندی کرتے ہیں تو صورتحال میں مزید بہتری ہوگی ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ خوفناک وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کی پابندی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ِویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستی چیف منسٹروں سے باچیت کریں گے اور اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور تازہ ترین صورتحال کا پتہ چلے گا ۔ چیف منسٹر نے اتوار کو پرگتی بھون میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں لاک ڈاون پر عمل آوری ‘ کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور دیگر مسائل کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں وزیر صحت و طبابت ایٹلہ راجندر ‘ چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہندرریڈی ‘ مشیر اعلی راجیف شرما ‘پرنسپل سکریٹریز نرسنگ راؤ ‘ شانتا کماری ‘ راما کرشنا راو اور دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے بالخصوص حیدرآباد اور دیگر علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی کثیر تعداد رہی ہے ۔ انہوں نے کنٹینمنٹ سنٹرس میں امداد کی فراہمی کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں سے دریافت کیا اور ہدایت کی کہ ایسے مراکز میں ضروری اشیاء کی سربراہی کی جائے تاکہ عوام کو کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔ چیف منسٹر نے اس احساس کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس سے فوت ہونے والوں کی شرح قومی اوسط کے بہ نسبت تلنگانہ میں بہت کم ہے جو یقینا اس ریاست کے لئے ایک باعث اطمینان ہے ۔ لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ احتیاطی تدابیر سے پہلوتہی کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام صحت و صفائی کا خیال رکھ رہے ہیںاور احتیاطی تدابیر اختیار کئے جا رہے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں مزید کمی ہوگی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ پیر کو ویڈیو کانفرنس میں آئندہ منصوبہ عمل کے بارے میں غور و خوض کیا جائے گا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں صورتحال واضع ہوجائے گی ۔