نئی دہلی/ کولکاتا : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلی اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) کے سینئر لیڈر بدھادیب بھٹاچاریہ کے دیہانت پر صدمہ کا اظہار کیا۔ مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیاکہ مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلیٰ بدھادیب بھٹاچاریہ کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ وہ ایسے سیاسی رہنما تھے جنہوں نے عزم کے ساتھ ریاست کی خدمت کی۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں کے تئیں میری دلی تعزیت ہے ۔ اوم شانتی۔مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی نے سابق وزیر اعلیٰ بدھا دیب بھٹا چاریہ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے ایکس ہینڈ پر لکھا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ کے اچانک دیہانت سے صدمے اور غم میں مبتلا ہوں۔ میں انہیں پچھلی کئی دہائیوں سے جانتی ہوں، اور پچھلے چند سال میں جب وہ بیمار تھے اورگھر تک محدود تھے تو میں نے ان سے کئی مرتبہ ملاقات کی تھی ۔ہم نے پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم ان کی آخری سفر اور رسومات کے دوران انہیں مکمل احترام اور سرکاری اعزاز دیں گے ۔