احمد آباد، 13 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے احمد آباد میں طیارہ حادثے میں متعدد لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں طیارہ حادثے سے ہم سب صدمے میں ہیں۔اس سے قبل جمعہ کو مودی نے احمد آباد میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں سے ملاقات کی جو آفت کے بعد انتھک محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا ایکس پر الگ الگ پوسٹس میں مودی نے کہاکہ احمد آباد میں ہوائی جہاز کے حادثے سے ہم سب صدمے میں ہیں۔ اتنی جانوں کے اچانک اور دل دہلا دینے والے نقصان کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ سبھی سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ ہم ان کے غم کو سمجھتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ جو خلا انہوں نے چھوڑا ہے وہ آنے والے کئی برسوں تک محسوس کیا جائے گا۔ انہوں نے لکھا کہ آج احمد آباد میں جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ سانحہ کا منظر افسوسناک ہے ۔ واقعے کے بعد سے انتھک محنت کر رہے اہلکاروں اور ٹیم سے ملاقات کی۔ میری تعزیت ان لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اس ناقابل تصور حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔