نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لوک سبھا میں این ڈی اے حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے جواب پر ناراضگی اور افسوس کا اظہار کیا۔ راہل گاندھی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ایم مودی نے پارلیمنٹ میں تقریباً 2 گھنٹے 13 منٹ تک تقریر کی اور آخر میں انہوں نے منی پور پر صرف 2 منٹ تک بات کی۔ جبکہ منی پور مہینوں سے جل رہا ہے، لوگ مارے جا رہے ہیں، عصمت دری ہو رہی ہے لیکن وزیر اعظم ہنس رہے تھے، لطیفے سنا رہے تھے، یہ بھارت کے وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کے ہاتھ میں طاقت ہوتی ہے لیکن وہ کچھ نہیں کر رہے، میں حیران ہوں کہ وہ ہنس رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے بیچ میں بیٹھے وزیراعظم بے شرمی سے ہنس رہے تھے۔ مسئلہ کانگریس یا میں نہیں تھا، مسئلہ یہ تھا کہ منی پور میں کیا ہو رہا ہے اور اسے کیوں نہیں روکا جا رہا ہے۔