حیدرآباد: تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لئے انتخابی بگل بجا دیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کل سہ پہر محبوب نگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا اور اپنی تقریر میں کانگریس اور حکمراں بی آر ایس دونوں پر جم کر نشانہ سادھا۔ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں وزیراعظم مودی کے پروگرام میں شرکت نہیں کی اور ان کے وزیر اور بی آر ایس لیڈر تلسانی سرینواس یادو نے وزیراعظم کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔یادو ہی وہ شخص تھے، جو وزیراعظم کے سرکاری پروگراموں میں بھی حصہ لیتے تھے ۔ دریں اثنا مرکزی وزیر سیاحت اور بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے ہفتہ کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ (راؤ) مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے پیش نظر وزیر اعظم کے پروگراموں میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں۔