رافیل پر راہول گاندھی کا لوک سبھا میں خطاب ، گوا کا ٹیپ سنانے کی کوشش
نئی دہلی ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس امیدوار راہول گاندھی نے رافیل مسئلہ پر لوک سبھا میں آج وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سوالات کا سامنا کرنے کیلئے ان (مودی) میں پارلیمنٹ میں آنے کی حیرت و صلاحیت نہیں ہے اور وہ اپنے کمرہ میں چھپ رہے ہیں ۔ ایوان میں اس وقت زبردست ڈراما دیکھا گیا جب راہول گاندھی نے ایک آڈیو ٹیپ سنانے کیلئے اسپیکر سے اجازت طلب کی جو بظاہر رافیل معاملت پر گوا کے ایک وزیر سے تعلق رکھتا ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ یہ آڈیو ٹیپ غلط اور توڑ جوڑ پر مبنی ہے ۔ جیٹلی نے گاندھی سے کہا کہ وہ اس (ٹیپ) کی صداقت ثابت کریں ۔ انہیں تحریک مراعات کا سامنا کرنا ہوگا اور یہ (ٹیپ) کا توڑ جوڑ پر مبنی ہونا ثابت ہوجاتا ہے تو حتی کہ انہیں (راہول گاندھی کو) ایوان سے اخراج کا سامنا بھی ہوسکتا ہے ۔ اس مسئلہ پر ایوان میں ہنگامہ آرائی جاری ہی تھی جس کے نتیجہ میں بعد میں کچھ دیر کے بعد ایوان کو ملتوی کرنا پڑا تھا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ فی الحال وہ اس ٹیپ کو نہیں بجائیں گے بلکہ اس کی توثیق و صداقت کا پتہ چلائیں گے اس مسئلہ پر گاندھی کے اچانک دفاعی موقف اختیار کرلینے پر حوصلہ پاکر جیٹلی نے کہا کہ وہ (راہول گاندھی) خوفزدہ ہوگئے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ (ٹیپ) سچ نہیں ہے ۔
جیٹلی نے کہا کہ ’ یہ شخص جھوٹ بول رہا ہے اور بار بار جھوٹ بولتا ہے ‘ ۔ اسپیکر نے بھی آڈیو کلپ بجانے کی اجازت کیلئے راہول گاندھی کی طرف سے کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ۔ گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ارکان اس کلپ پر ڈر خوف سے چونک اٹھے ہیں ۔ جس میں گوا کے ایک وزیر وشواجیت رانے بظاہر کس شخص سے کہہ رہے ہیں کہ سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر کے بیڈروم میں رافیل کی فائیل موجود ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ رانے پہلے ہی اس ٹیپ کو غلط قرار دے چکے ہیں ۔ راہول گاندھی نے لوک سبھا میں اپنے خطاب کے دوران ایک انٹرویو میں مودی کی طرف سے کئے گئے تبصروں کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ اس مسئلہ پر ان کے خلاف کوئی شخصی ریمارکس نہیں کئے گئے ہیں اورکہا کہ یہ درست نہیں ہے کیونکہ سارا ملک لڑاکا طیارہ کی خریدی کے کنٹراکٹ پر ان سے راست سوال کررہا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’ انہوں (مودی) نے پہلے سے تیار شدہ انٹرویو میں 90 منٹ تک بات کی لیکن رافیل مسئلہ پر سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا ‘ ۔ کانگریس کے صدر نے اس مسئلہ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ لیکن وزیر فینانس جیٹلی نے کانگریس کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا ۔ مودی نے اپنے طویل خطاب میں انیل امبانی کو مودی کا عزیز دوست قرار دیا ۔ ایوان میں موجود وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ (نرملا سیتارامن) اناڈی ایم کے کے ارکان کے پیچھے چھپ رہی ہیں اور مودی اپنے کمرہ میں چھپ رہے ہیں ۔