وزیراعظم مودی کا آئندہ ہفتے جاپان اور چین کا دورہ

   

نئی دہلی 22اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 29 اگست سے یکم ستمبر تک جاپان اور چین کے دورے پر ہوں گے ، اس دوران وہ چینی صدر شی جن پنگ سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں سے دو طرفہ بات چیت کریں گے ۔وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز کہا کہ مسٹر نریندر مودی اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں 29 اور 30 اگست کو جاپان اور دوسرے مرحلے میں 31 اگست اور یکم ستمبر کو چین میں ہوں گے ۔ نریندر مودی اور مسٹر جن پنگ کے درمیان ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری ملاقات ہوگی۔ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر اس اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی ملاقات گزشتہ اکتوبر میں روس کے شہر کازان میں ہوئی تھی۔ برکس کی سربراہی کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی دو طرفہ میٹنگ میں سرحد پر پچھلے پانچ سالوں سے جاری تعطل کو حل کرنے پر اہم اتفاق رائے قائم ہوا تھا۔اس ہفتے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی دو روزہ دورے پر ہندوستان آئے تھے ۔ انہوں نے مسٹر مودی سے ملاقات کی تھی اور انہیں صدر جن پنگ کی جانب سے چین کے دورے کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے وزیر خارجہ جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں بھی فریقین نے تجارت اور سرحدی امور پر بامعنی بات چیت کی اور مختلف امور پر اتفاق رائے قائم کیا گیا۔

وزیر اعظم مودی نے ا ونٹا۔سمریہ چھ لین گنگا پل کا افتتاح کیا
گیاجی22اگست (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اونٹا سمریہ پروجیکٹ کے تحت گنگا ندی پر 1.865 کلومیٹر طویل 6 لین پل کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے جمعہ کو گیاجی سے ریموٹ دبا کر بہار میں ٹریفک کے نقطہ نظر سے ایک انتہائی اہم پل کا افتتاح کیا۔ اونٹا۔سمریہ پروجیکٹ کے تحت گنگا ندی پر بنایا گیا یہ 1.865 کلومیٹر طویل پل پٹنہ ضلع کے مقامہ اور بیگوسرائے کے درمیان براہ راست رابطہ فراہم کرے گا۔ یہ پل پرانے 2 لین والے ریل۔کم۔ روڈ پل راجندرسیتوکے متوازی بنایا گیا ہے ۔ تقریباً سات دہائیوں پرانا راجندر سیتو مرمت کے مراحل میں ہے جس کی وجہ سے اس پر بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہے اور ان گاڑیوں کو متبادل راستے پر طویل چکر لگا کر سفر کرنا پڑتا ہے ۔

ترنمول حکومت ترقی مخالف، اس کا زوال طے :مودی
کولکاتہ22اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز مغربی بنگال میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ترقی مخالف قرار دیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی ایم سی کا جانا طے ہے ۔ وزیر اعظم نے آج یہاں کئی اسکیموں کا افتتاح کرنے اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو خدمت کا موقع دینے کی پُرزور اپیل کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کے پاس ریاست کی ترقی کا ایک جامع منصوبہ تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک بنگال میں ٹی ایم سی کی حکومت رہے گی، تب تک بنگال کی ترقیُ رکی رہے گی ۔ اس لیے آج بنگال کا ہر شہری کہہ رہا ہے کہ ٹی ایم سی جائے گی تبھی اصلی تبدیلی آئے گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ بی جے پی کے پاس مغربی بنگال کی ترقی کا ایک پختہ منصوبہ ہے ، ایک روڈ میپ ہے ، لیکن ٹی ایم سی ترقی کی دشمن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ترنمول کانگریس کی ترقی مخالف پالیسی کی مثال کولکاتہ کا دم دم علاقہ بھی ہے ، جو شہر کے سب سے زیادہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں سے ایک ہے ۔

لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی
نئی دہلی22اگست (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کر دی۔ راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے سکریٹریٹوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز دونوں ایوانوں کے مانسون اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ہونے کے بعد صدر جمہوریہ نے آج دونوں ایوانوں کو ملتوی کردیا۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 جولائی کو شروع ہوا اور 21 اگست کو اختتام پذیر ہوا۔