نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے اوروہاں یوم قومی پنچایتی راج پر سانبا ضلع کی پلی گرام پنچایت سے ملک کی تمام گرام سبھا سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی 20 ہزار کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ اگست 2019 میں آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو غیر فعال کرنے کے بعد مودی پہلی بار جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ان کا استقبال کریں گے ۔ وزیر اعظم 8.45 کلومیٹر طویل بانہال قاضی گنڈ روڈ سرنگ کا افتتاح کریں گے ، جس سے جموں اور سری نگر کے درمیان فاصلہ 16 کلومیٹر کم ہو جائے گا اور سفر میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی بچت ہو گی۔ وزیر اعظم پورے ملک میں آبی ذخائر کی بحالی کے لیے ایک نئی اسکیم امرت سروور کا بھی آغاز کریں گے ۔ اس کے تحت ملک کے ہر ضلع میں 75 آبی ذخائر کی بحالی اور ترقی کی جائے گی۔ اسے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر شروع ہونے والے پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم دہلی سے امرتسر جموں کٹرہ ایکسپریس وے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔