وارسا/نئی دہلی : پولینڈ اور یوکرین کے دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی پہلے پڑاؤ میں وارسا پہنچ گئے ہیں۔ پچھلے 45 برسوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پولینڈ کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ پولینڈ کے اپنے ہم منصب ڈونلڈ ٹسک کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے سے دوطرفہ تعلقات میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے لکھا، “پولینڈ پہنچ گیا۔ میں یہاں مختلف پروگراموں کا انتظار کر رہا ہوں۔ اس دورے سے ہندوستان-پولینڈ دوستی کو رفتار ملے گی اور ہمارے ملکوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کا ہوائی اڈے پر رسمی استقبال کیا گیا۔ انہوں نے لکھا، ‘‘وزیراعظم نریندر مودی تاریخی شہر وارسا پہنچ گئے ۔ ایئرپورٹ پر ان کا باقاعدہ استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہندوستان اور پولینڈ اس سال سفارتی تعلقات کے 70 سال کا جشن منا رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعظم مودی پولینڈ اور یوکرین کے تین روزہ تاریخی دورے پرآج روانہ ہو گئے ۔ مودی کے خصوصی طیارے نے 9.30 بجے اڑان بھری۔ وہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے وارسا ملٹری ایئرپورٹ پر اتریں گے ۔وزیر اعظم سب سے پہلے نواں نگر میں جام صاحب کی یادگار اور مونٹی کیسینو اور کولہاپور کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ مقامی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے مودی ہندوستانی کمیونٹی کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ آج، میں جمہوریہ پولینڈ اور یوکرین کے سرکاری دورے پر جا رہا ہوں۔میرا پولینڈ کا دورہ اس وقت ہورہا ہے جب ہم اپنے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر رہے ہیں۔ پولینڈ وسطی یورپ میں ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے ۔ جمہوریت اور تکثیریت کیلئے ہماری باہمی وابستگی ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے ۔