وزیراعظم مودی کا دورۂ ہماچل، صحافیوں سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ مطلوب

   

شملہ : ہماچل پردیش حکومت نے وزیراعظم نریندر مودی کے اجلاس کا کوریج کرنے والے صحافیوں کیلئے نئی شرائط رکھی ہیں جس پر صحافیوں اور دیگر افراد کی جانب سے شدید اعتراض کیا گیا۔ ہماچل پردیش کی جے رام ٹھاکر حکومت نے مودی کے اجلاس کے کوریج کیلئے آنے والے صحافیوں اور فوٹوگرافروں کو کیریکٹر سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس نئی شرط پر ریاست کی بی جے پی حکومت بڑے پیمانے پر احتجاج کے باعث اس سے دستبردار ہوگئی۔اور حکومت نے بلاس پور ضلع کے ڈی پی آر او کی طرف سے جاری کردہ کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے احکامات کو واپس لے لیا ہے اور اصلاحی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔وزیر اعظم مودی کل چہارشنبہ ہماچل پردیش کا دورہ کریں گے۔ مودی کیرت پور ۔ منالی فور لائن کا افتتاح کرنے چہارشنبہ کو بلاس پور اور کلّو آ رہے ہیں تاہم بلاس پور کے ضلع پبلک ریلیشن آفیسر نے حکم جاری کیا ہے کہ مودی کے دورے کا کوریج کرنے والے صحافیوں، ویڈیو گرافروں اور فوٹوگرافروں کو کیریکٹر سرٹیفکیٹ داخل کرنا ہوگا اور اگر سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے تو کوریج کی اجازت دی جائے گی۔