نئی دہلی ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے پیر سے دو روزہ دورۂ سعودی عرب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے ، جن کا مختلف اہم شعبوں بشمول تیل اور گیس ، قابل تجدید توانائی اور شہری ہوا بازی سے تعلق ہے۔ سکریٹری (معاشی تعلقات) وزارت امور خارجہ ٹی ایس ترومورتی نے میڈیا کو مودی کے دورہ سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان اور سعودی عرب دفاع اور سلامتی تعاون کو مزید بڑھانے پر غور و خوض کریں گے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا مودی کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے فیصلہ کے تعلق سے سعودی قیادت کو واقف کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ ریاض حکومت نے وادیٔ کشمیر میں حالیہ تبدیلیوں کے تعلق سے فہم و ادراک کا مظاہرہ کیا۔
