حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی 21 جون کو وشاکھاپٹنم کا دورہ کریں گے جہاں وہ 11 ویں انٹرنیشنل یوگا ڈے تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ چیف سکریٹری آندھراپردیش وجیانند نے عہدیداروں کے ساتھ وزیراعظم کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وجئے واڑہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے 2 مئی کو امراوتی میں وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ 21 جون کو عالمی یوم یوگا کے موقع پر وشاکھاپٹنم میں بھی موثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ انٹرنیشنل یوگا ڈے میں دو لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت نے مرکزی وزارت آیوش اور دیگر اداروں کے اشتراک سے پروگرام کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے 29 مئی سے یوگا سے متعلق شعور بیداری مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جو چار ہفتوں تک جاری رہے گی۔ تمام اسمبلی حلقہ جات اور تعلیمی اداروں میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ حکومت نے اسپیشل چیف سکریٹری کرشنا بابو کو انتظامات کیلئے نوڈل آفیسر مقرر کیا ہے۔1
