وزیراعظم مودی کرناٹک میں سیلاب کی صورتحال سے باخبر:یدی یورپا

   

بنگلورو۔2اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں مرکز کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی راحت کیلئے فنڈ جاری کرنے میں تاخیر پر بڑھتی ہوئی نکتہ چینی کے درمیان کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے چہارشنبہ کے دن بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کرناٹک کی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں ۔ ایک دو دن میں فنڈ کی اجرائی عمل میں آجائے گی ۔ یدی یورپا کا یہ تیقن مودی پر سخت نکتہ چینی کے ایک دن بعد دیا گیا ہے ۔ حزب مخلف نے مودی پر الزام لگایا تھا کہ وہ کرناٹک کے ساتھ سردمہری کا رویہ اختیار کررہے ہیں ۔ ایس یدی یورپا نے کہاکہ چاہے ہماری پارٹی کا کوئی آدمی ہو یا کوئی اور پارٹی کا کسی کو بھی الجھن پیدا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیلاب سے متاثرہ کسی بھی ریاست کیلئے ابھی تک ریلیف فنڈ کی اجرائی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم ملک سے باہر تھے اب وہ واپس لوٹ آئے ہیں ۔ آئندہ دو یا تین دن میں متاثرہ ریاستوں کو فنڈ جاری کردیا جائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اپنے ٹوئٹ میں بہار کے سیلاب پر تشویش کے اظہار نے کانگریس اور جنتادل (ایس) کے لیڈروں کو مشتعل کردیا ۔ نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ انہوں نے ریاست بہار کے بعض حصوں میں سیلاب کی صورتحال کے تعلق سے بہارکے وزیراعلیٰ سے فون پر بات چیت کی ۔