وزیراعظم مودی کو تلنگانہ سے دشمنی : کے ٹی آر

   

راجیہ سبھا میں کیے گئے ریمارکس تلنگانہ کی توہین ، کرناٹک میں مذہبی نفرت پھیلانے کا الزام
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو جہاں اعتماد و بھروسہ پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ۔ وہاں اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلا رہے ہیں ۔ ابتدا سے وزیراعظم تلنگانہ سے انتقامی کارروائی کررہے ہیں ۔ ابراہیم پٹنم میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ابراہیم پٹنم تا اناج پور تک سڑک کی توسیع ، تحصیلدار ، سب رجسٹرار دفاتر ، سرکاری ہاسپٹل عمارت اور منی اسٹیڈیم کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے راجیہ سبھا میں تلنگانہ تحریک کی توہین کرنے کے ریمارکس کیے ہیں ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور مودی اپنی غلطی کا اعتراف کریں اور تلنگانہ عوام سے فوری معذرت خواہی کرے ۔ وزیراعظم کے ریمارکس پر کے ٹی آر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک انہیں علم ہے ملک کے کسی بھی وزیراعظم نے اس طرح کے ریمارکس نہیں کئے جس طرح نریندر مودی نے کیا ہے ۔ تقسیم آندھرا پردیش کے بل میں وعدے کے مطابق تلنگانہ کو ریل کوچ فیکٹری ، لوہے کی صنعت اور صنعتوں کے لیے رعایتیں نہیں دی گئی ۔ گذشتہ 8 سال سے وزیراعظم نے تلنگانہ کو کچھ نہیں دیا ہے ۔ کسانوں کی مرضی کے بغیر سیاہ قوانین نافذ کرتے ہوئے احتجاج کے بعد اس کو منسوخ کردئیے گئے ۔ کرناٹک میں مذہبی جذبات کو بھڑکایا جارہا ہے ۔ وزیراعظم تلنگانہ سے بدلا لے رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے 7 منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کردیا گیا ۔ ملک میں مودی کے دستور پر عمل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ مودی تمام اداروں کوا پنے کنٹرول میں کرتے ہوئے حکمرانی کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جنہیں آسرا پنشن حاصل نہیں ہورہا ہے انہیں اپریل سے دیا جائے گا اور ساتھ ہی ابراہیم پٹنم تالاب کو ترقی دینے کی بھی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ۔۔ ن