وزیراعظم مودی کو ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد اندرا گاندھی کی یاد تازہ

,

   

نئی دہلی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس سے متاثر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی سے بعض دوائیں سربراہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ ہندوستان نے انسداد ملیریا کی دوا ہائیڈرو اکسیلو کلوروکین کے بشمول کئی دواؤں کی برآمدات پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس پر ٹرمپ نے مودی کو دھمکی دی تھی کہ یہ پابندی ہٹائی نہیں گئی تو امریکہ بھی جوابی کارروائی کرے گا۔ ٹرمپ کی اس دھمکی کا مودی حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن سوشل میڈیا پر ٹرمپ کی دھمکی کے خلاف ناراضگی ظاہر کی جانے لگی۔ ٹرمپ کے اس طرزعمل نے اندراگاندھی کی یاد دلادی۔ سوشل میڈیا پر عوام نے ٹرمپ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ ہندوستان اب ایک کمزور ملک نہیں ہے جو امریکی دھمکی سے ڈر جائے گا۔ ہندوستان کے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے 1971ء میں امریکہ اور برطانیہ سے کہا تھا کہ وہ بحرہند میں جنگی بیڑے بھیجنے کی غلطی نہ کریں۔ اس وقت کے امریکی صدر رچرڈ نکسن نے دھمکی دی تھی کہ اگر ہندوستان جنگ سے باز نہیں آیا تو امریکہ اپنے جنگی بیڑے بھیجے گا۔ اس پر اندرا گاندھی نے اپنے ریڈیو خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ کا ایک یا کئی جنگی بیڑے بھیجے اب ہندوستان کمزور ملک نہیں ہے۔