نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے سمجھا جاتا ہے کہ اپنے وزارتی رفقاء سے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کے پیش کردہ 2019 ء کے ویژن دستاویز پر عمل آوری میں تیزی لائیں۔ اُنھوں نے حال ہی میں شامل نئے وزراء سے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے 2014 ء اور 2019 ء کے منشوروں کو باریک بینی سے سمجھیں اور اپنی متعلقہ وزارتوں سے اُن پر عاجلانہ عمل آوری کے لئے اقدامات کو ترجیح دیں۔ حالیہ کابینی ردوبدل کے بعد منعقدہ مجلس وزراء کے دو اجلاسوں میں مودی نے ہدایات دی ہیں کہ 2019 ء کے ویژن پر لوٹ آئیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مودی کو مجوزہ یوپی اسمبلی الیکشن اور اُس کے بعد والے انتخابات کے تناظر میں 2019 ء کے وعدے یاد آرہے ہیں ۔ اُن کی حکومت نے دوسری مرتبہ الیکشن جیتنے کے بعد ان وعدوں پر کوئی خاص توجہہ نہیں دی تھی۔ 2019 ء کے ویژن میں سیول سرویسیس میں اصلاحات کی بات کہی گئی ہے تاکہ حکومت کی اقل ترین جسامت کے مقصد کو حاصل کیا جاسکے ۔