وزیراعظم مودی کی دورہ یوروپ سے واپسی

,

   

3 ممالک کے قائدین کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی 3 یوروپی ممالک کے دورہ کے بعد جمعرات کو نئی دہلی واپس ہوگئے ہیں ۔ وزیراعظم نے اپنے 6 روزہ دورہ کے موقع پر 3 ممالک کے اعلیٰ قائدین کے ساتھ باہمی امور اور مختلف شعبوں بشمول تجارت ، توانائی اور گرین ٹکنالوجی میں تعاون و اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اپنے دورہ کے آخری مرحلہ میں وزیراعظم نے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون سے بات چیت کی۔ اس بات چیت میں یوکرین کی صورتحال پر بھی غور و خوص کیا گیا اور روس اور یوکرین کی جنگ سے ہونے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ یوکرین کی جنگ سے عالمی سطح پر غذائی اشیاء کی قلت اور دیگر کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ نریندر مودی نے فرانس کے صدر کو دورہ ہند کی بھی دعوت دی ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر بھی وزیراعظم کے دورہ میں ان کے ہمراہ تھے ۔ جئے شنکر نے فرانس کے اپنے ہم منصب سے بھی باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ہندوستان اور فرانس کے درمیان دفاع ، اسپیس ، سیول نیوکلیر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے علاوہ عوام سے عوام کے رابطے میں بھی اضافہ پر غور و خوص کیا گیا ۔ ہندوستان اور بحرالکاہل میں فرانس اور ہندوستان اہم شراکت دار ممالک ہیں ۔ خارجہ سکریٹری ونئے کوترا نے وزیراعظم کے دورہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتلایا کہ ہندوستان اور فرانس مستحکم اسٹراٹیجک شراکت دار ہیں ۔ دونوں ممالک کے قائدین کے درمیان اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر بھی غور و خوص کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون ہندوستان کی خودمکتفی (آتمانربھر) پالیسی کی بنیادوں پر ہوگا ۔