نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی آج 74 برس کے ہو گئے ہیں۔ صدر دروپدی مرمو، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت ملک کے سبھی بڑے قائدین نے وزیراعظم مودی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ صدر جمہوریہ مرمو نے ایکس کے ذریعے مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اپنی شخصیت اور کام کے بل بوتے پر آپ نے غیر معمولی قیادت کی ہے اور ملک کی خوشحالی اور وقار میں اضافہ کیا۔ بھگوان سے پرارتھنا ہے کہ آپ کی عمر لمبی ہواور ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ صدر کانگریس پارٹی ملکارجن کھرگے‘ قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور دیگر اہم قائدین نے وزیر اعظم مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہپر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے وزیر اعظم کی اچھی صحت اور عمر درازی کے لئے دعا کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے منگل کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کا لوگوں کی خدمت کے لئے مثالی عزم اور لگن ہم سب کو تحریک دیتی ہے۔