اقوام متحدہ ، 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے جمعرات کو ملاقات کی اور دونوں قائدین نے باہمی و علاقائی مفادات کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اُن کی میٹنگ کا کافی انتظار تھا کیونکہ یہ تہران کے نیوکلیر پروگرام پر ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان ہوئی ہے۔ دونوں نے یہاں یو این جنرل اسمبلی سیشن کے موقع پر ملاقات کی۔ وہ جون میں بشکیک، کرغزستان میں ایس سی او سمٹ کے موقع پر پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے سبب باہمی ملاقات نہیں کرپائے تھے۔ انڈیا دنیا کا تیسرا بڑا صارفِ تیل ہے، اور اپنی تیل کی زائد از 80 فیصد ضرورت درآمدات کے ذریعے پوری کرتا ہے۔ حالیہ عرصہ تک عراق اور سعودی عرب کے بعد ایران اس کا تیسرا بڑا سپلائر تھا۔