برطانوی وزیراعظم جانسن کا دورۂ مختصر کردیا گیا۔ کورونا کے پھیلاؤ کا اثر
نئی دہلی : کوویڈ ۔ 19 کیسوں میں لگاتار اضافہ کو دیکھتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ جین وائی ڈرائن کی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ طے شدہ میٹنگ کو منسوخ کرنا پڑا ہے جو کورونا بحران سے نمٹنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ بحران کئی عالمی شخصیتوں کے طے شدہ دوروں کو متاثر کرسکتا ہے۔ نئے پروٹوکول کا مطلب ہے کہ وزیراعظم کی دورہ کنندہ شخصیتوں کے ساتھ میٹنگس میں کمی کردی جائے۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد دو روزہ دورہ پر گزشتہ روز دہلی پہونچے ہیں اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن 26 اپریل کو پہونچ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا بھی جلد ہی ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اِن تمام بیرونی شخصیتوں کی ہندوستان میں مصروفیات کو کورونا وائرس میں شدت کے پیش نظر مختصر کرنا پڑے گا۔ عہدیداروں نے کہاکہ برطانیہ کے وزیراعظم جانسن نے اپنے دورہ کو مختصر کردیا ہے اور اب اُن کا سفر دہلی تک محدود رہے گا۔ جانسن کو اِس سے قبل جنوری میں دورۂ ہند کا منصوبہ منسوخ کرنا پڑا تھا۔ وزیراعظم مودی 8 مئی کو یوروپی یونین ۔ انڈیا سمٹ کے لئے پرتگال کا سفر کرنے والے ہیں اور اُسی سفر میں وہ فرانس بھی جائیں گے۔ یہ ایک وجہ ہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ ڈرائن کی مودی کے ساتھ میٹنگ کو فی الحال منسوخ کردیا گیا ہے کیوںکہ دونوں قائدین فرانس میں ملاقات کرسکتے ہیں۔
