کورونا وائرس سے مشترکہ طور پر لڑنے کا عزم
نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے فون پر کورونا وائرس بحران اور اس سے نمٹنے سے متعلق مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم مودی نے بتایا کہ ٹرمپ سے اس مسئلہ پر ان کی بات چیت اچھی رہی اور دونوں ممالک نے اس مہلک وباء سے نمٹنے کے لئے مکمل مشترکہ طاقت کے استعمال سے اتفاق کیا۔ مودی نے اپنے ٹوئٹ میں بات چیت کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ہندوستان میں کووڈ سے تاحال 75 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ مریضوں کی تعداد 3072 ہوگئی ہے۔ ادھر امریکہ میں 7,100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور متاثرین کی تعداد 2,78,458 تک پہنچ چکی ہے۔ نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 3 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔