احمد آباد/ نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کا آج اپنی عمر 100 ویں سال دیہانت ہوگیا۔ احمد آباد کے یو این مہتا ہارٹ ڈیزیز انسٹی ٹیوٹ میں انہیں دو روز قبل داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے صبح تقریباً 3:30 بجے آخری سانس لی۔ گزشتہ جون میں انہوں نے اپنی 99 ویں سالگرہ منائی تھی۔ مودی گزشتہ روز دواخانہ میں اپنی ماں کو دیکھنے گئے تھے اور اس کے بعد وہ نئی دہلی واپس ہوگئے تھے۔ رات دیر گئے جیسے ہی اطلاع ملی وزیراعظم دوبارہ احمد آباد پہنچے۔ انہیں آج کولکاتا میں کئی پروگراموں میں شرکت کرنا تھا ۔ انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعہ ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کی ماں کے دیہانت پر صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکڑ، اسپیکر لوک سبھا اوم برلا، کانگریس قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بشمول متعدد دیگر قائدین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ آر ایس ایس نے بھی اظہارت تعزیت کیا ہے۔ خود وزیراعظم مودی نے جذباتی ٹوئٹ میں کہا کہ ان کی ماں کا طویل عمر گزارنے کے بعد دیہانت ہوا ہے۔ اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہوں نے اپنی ماں میں بھگوان کا روپ دیکھا، جو بے لوث کرم یوگی اور اقدار کے تئیں زندگی وقف کرنے والی علامت رہیں۔ انہوںنے بتایا کہ ان کی ماں نے انہیں آخری ملاقات میں سوجھ بوجھ کے ساتھ کام کرتے رہنے اور سچائی کے ساتھ زندگی گزارنے کی تلقین کی تھی۔