وزیراعظم مودی کی ’پاکستانی بہن‘ انہیں راکھی باندھنے کی متمنی

   

اسلام آباد ؍ نئی دہلی : ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک ‘پاکستانی بہن‘ نے انہیں ہندوؤں کے تہوار ‘رکشا بندھن‘ کے موقع پر راکھی بھیجی ہے۔ قمر محسن نے اس کے ساتھ ہی 2024ء کے عام انتخابات میں ایک بار پھر مودی کو کامیابی کی دعائیں بھی دی ہیں۔بھائی اور بہن کے پیار کی علامت ہندوؤں کا تہوار ’رکشا بندھن‘ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی منہ بولی ’پاکستانی بہن‘ قمر محسن شیخ نے انہیں راکھی بھیجی ہے۔ اس سال یہ تہوار 11 اگست کو منایا جائے گا۔ قمر محسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے لیے شدت سے منتظر ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ ان کی ملاقات ضرور ہو گی۔ کورونا وائرس کی وبا کے سبب گزشتہ دو برسوں کے دوران قمر محسن وزیر اعظم مودی کی کلائی پر راکھی باندھ نہیں سکیں البتہ انہوں نے راکھی ڈاک سے ارسال کی تھی۔قمر محسن کا کہنا تھاکہ مجھے امید ہے کہ وہ (وزیر اعظم مودی) اس مرتبہ مجھے دہلی ضرور بلائیں گے۔