نئی دہلی ۔ 17 ستمبر (یو این آئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، وزیردفاع راجناتھ سنگھ، وزیرداخلہ امیت شاہ کے بشمول کی قائدین نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو ان کی 75 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برسراقتدار بی جے پی اس موقع پر ملک بھر میں سیوا پکھواڑا کا اہتمام کررہی ہے۔ اس کے علاوہ کئی تنظیمیں بھی ملک کے مختلف حصوں میں بہت سے پروگرام منعقد کررہی ہے۔ نریندر مودی نے مئی 2014 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا اور ان کی حکومت کے 11 سال مکمل ہوئے ہیں۔
وزیراعظم مودی کو
عالمی قائدین کی مبارکباد
نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے جنم دن پر مبارکباد دی ہے ، جس پر وزیر اعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہندوستان دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونِی اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسُلا وان ڈیر لین نے بھی وزیر اعظم مودی کو جنم دن کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میرے دوست، صدر پوتن، میرے جنم دن پر آپ کی فون کال اور دلی مبارکباد کیلئے شکریہ! انہوں نے دیگر قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
کنگ چارلس نے مودی کو سالگرہ پر کدمب کا درخت تحفے میں دیا
نئی دہلی، 17 ستمبر (آئی این ایس) برطانوی کنگ چارلس III نے چہارشنبہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی 75 ویں سالگرہ پر کدمب کا درخت تحفے میں دیا ہے۔ ہندوستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے تحفے میں دیے گئے کدمب کے درخت کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ کنگ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر کدمب کا درخت بھیج کر بہت خوش ہیں۔
ریونت ریڈی نے وزیراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم نریندر مودی کو 75 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے خدا سے دعا کی کہ وزیراعظم کی اچھی صحت اور طویل عمر کے لئے آشیرواد دیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی 75 ویں سالگرہ پر کئی بین الاقوامی اور قومی قائدین نے مبارکبادی کے پیامات روانہ کئے ہیں۔1
کھڑگے ، راہول کی مودی کو سالگرہ پر مبارکباد
نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اچھی صحت اور لمبی عمر کی خواہش کی۔ کھڑگے نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے یوم پیدائش پر نیک خواہشات۔ خدا انہیں اچھی صحت اور لمبی زندگی عطا کرے ۔ راہول گاندھی نے کہا، وزیر اعظم نریندر مودی جی کو ان کے یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ میں ان کی اچھی صحت اور لمبی عمر کی خواہش کرتا ہوں۔