مودی ہیلی کاپٹر سے فیروزپور جانے والے تھے، یکایک سڑک کا راستہ اختیار کیا گیا : چیف منسٹر پنجاب
چندی گڑھ : چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے تعصب کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو فیروزپور کیلئے اپنے طئے شدہ دورہ کو درمیان سے منسوخ کردینا پڑا۔ انہوں نے آج کہا کہ سیکورٹی میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی اور ریاست کے سرحدی ٹاؤن کو وزیراعظم کا دورہ کوئی غفلت یا لاپرواہی کے سبب منسوخ نہیں ہوا۔ فیروز پور جاتے ہوئے 30 کیلو میٹر پہلے مودی نے اپنا دورہ منسوخ کیا، جس کے چند گھنٹوں میں چیف منسٹر نے میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کو مطلع کیا گیا تھا کہ وزیراعظم بھٹنڈا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فیروزپور پہنچیں گے لیکن یکایک انہوں نے سڑک کا راستہ اختیار کیا۔ اگر وزیراعظم کے دورہ میں سیکورٹی کی کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو ریاستی حکومت معاملہ کی تحقیقات کیلئے تیار ہے۔ مودی فیروزپور میں 42,750 کروڑ روپئے مالیت کے پراجکٹس کیلئے سنگ بنیاد رکھنے والے تھے۔ قبل ازیں دن میں وزارت امورداخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ وزیراعظم کے قافلہ کو ایک فلائی اوور پر 15 تا 20 منٹ رکنا پڑا۔ یہ وزیراعظم کی سیکورٹی کے معاملہ میں بڑی کوتاہی ہوئی۔ چیف منسٹر چرنجیت نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ میں سیکورٹی پر پورا کنٹرول ریاستی حکومت کا نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ ذمہ داری اسپیشل پروڈکشن گروپ سنبھالتا ہے۔ فیروز پور کے راستہ میں احتجاج ضرور ہوا اور وزیراعظم اس تعلق سے مطلع بھی کیا گیا چنانچہ لمحہ آخر میں انہوں نے دورہ منسوخ کرکے واپسی کا فیصلہ کیا۔
