شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیراعظم کا /13 جون کو دورہ کرغزستان
نئی دہلی ۔ /9 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پاکستان سے درخواست کی کہ آج وہ وزیراعظم نریندر مودی کے طیارہ کو اس کے فضائی حدود سے پرواز کی اجازت دے ۔ وزیراعظم مودی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے /13 جون کو کرغزستان روانہ ہورہے ہیں ۔یہ کانفرنس کرغزستان کے شہر بشکیک میں /13 اور /14 جون کو منعقدہورہی ہے ۔ سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے /26 فبروری کو اپنے فضائی حدود مکمل طور پر بند کردیئے ہیں ۔ بالاکوٹ میں جیش محمد کے دہشت گرد کیمپ پر ہندوستانی فضائی کے حملہ کے بعد سے پاکستان نے اپنے تمام فضائی حدود بند کردیئے ہیں ۔ اس دن سے پاکستان نے 11 فضائی راستوں کے منجملہ صرف اپنے دو راستوں کو کھولا ہے اور یہ دونوں فضائی راستے جنوبی پاکستان سے ہوکر گزرتے ہیں ۔ اسی لئے ہم نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ ان دو فضائی راستوں میں سے کسی ایک کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی کے طیارہ کو جانے کی اجازت دے ۔ پاکستان نے روٹس کو ہنوز نہیں کھولا ہے ۔ پاکستان نے اس سے قبل سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے طیارہ کو پرواز کی خصوصی اجازت دی تھی ۔ /21 مئی کو کرغزستان میں منعقدہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے اس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج کرغزستان جارہی تھی ۔ جنوبی پاکستان کے دو فضائی راستوں کے سواء پڑوسی ملک کے ماباقی تمام فضائی راستے کمرشیل طیاروں کی پرواز کیلئے بند ہیں ۔ ہندوستانی فضائی نے /31 مئی کو اعلان کیا تھا کہ بالاکوٹ فضائی حملے کے بعد سے ہندوستانی فضائی حدود پر بھی عائد کردہ تمام پابندیوں کو ہٹادیا گیا ہے ۔لیکن پاکستان نے یہ پابندی برقرار رکھی ہے ۔ پاکستانی فضائی حدود کے بند ہونے سے انڈین ایرلائینز کی تمام انٹرنیشنل پروازیں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔
