تلنگانہ کیلئے نئے اعلانات متوقع ، بی جے پی کے قائدین جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی تیاریوں میں مصروف
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق منعقد ہورہے ہیں ۔ بی جے پی کی قومی قیادت اپنی ساری توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی یکم اکٹوبر کو محبوب نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پہلے 2 اکٹوبر کو محبوب نگر کے جلسہ عام سے خطاب کرنے والے تھے ان کے شیڈول کو قطعیت بھی دے دی گئی تھی تاہم سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی تیاریوں میں شدت پیدا کردینے کے بعد وزیراعظم نے پروگرام میں ترمیم کرلی ہے اور وہ مقررہ وقت سے قبل تلنگانہ کے دورے پر پہونچ رہے ہیں ۔ بی جے پی کی قومی قیادت نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے ہر پارلیمنٹ حلقہ میں تین اہم قائدین کا دورہ کرانے کی منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ اسی فیصلے کے تحت بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ضلع ناگرکرنول اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ضلع کھمم کے جلسہ عام سے خطاب کیا ہے ۔ نریندر مودی قبل از ورنگل میں جلسہ عام سے خطاب کرچکے ہیں ۔ پہلے یہ کہا جارہا تھا وزیراعظم ستمبر کے اواخر میں نظام آباد کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے مگر وزیراعظم کا دورہ نظام آباد کے بجائے محبوب نگر منتقل کردیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم تلنگانہ کیلئے کچھ اعلانات کرسکتے ہیں ۔ بی جے پی نے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری سابق رکن پارلیمنٹ جیتندر ریڈی کو سونپ دی ہے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا بھی جلسہ عام کی نگرانی کریں گے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے قائدین اس کو وقار کا مسئلہ بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کام کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے نشانہ کے ساتھ بی جے پی کی جانب سے جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کے قائدین حکمران بی آر ایس اور کانگریس کے وعدوں کا جواب دینے کی تیاری کررہے ہیں ۔ جتیندر ریڈی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا جلسہ عام تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر ثابت ہوگا اس مرتبہ مرکز کے ساتھ تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی بدعنوانیوں اور دھوکہ دہی کا خاتمہ ہوگا ۔ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت قائم ہوگی ۔ ن