مودی بالکل اس طرح عوام کی توجہ ہٹارہے ہیں جس طرح پاکٹ مار چوری سے قبل کیا کرتا ہے : راہول گاندھی
ایوت محل 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو چند صنعتکاروں کا لاؤڈ اسپیکر قرار دیا اور کہاکہ ان (مودی) کی حکمت عملی اُن پاکٹ ماروں جیسی ہے جو چوری سے قبل عوام کی توجہ ہٹادیتے ہیں۔ راہول گاندھی نے مہاراشٹرا اسمبلی کے 21 اکٹوبر کو ہونے والے انتخابات کے ضمن میں ضلع ایوت محل میں چہارشنبہ کو کانگریس کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم اگرچہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری دفعہ 370 کی تنسیخ اور چاند کے بارے میں باتیں تو بہت کیا کرتے ہیں لیکن بے روزگاری کے علاوہ کسانوں اور عام آدمی کو درپیش مسائل پر خاموش ہیں‘۔ راہول گاندھی نے مزید کہاکہ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی، چھوٹے اور متوسط تاجرین و صنعتکاروں، کسانوں، مزدوروں، غریبوں کی کمر توڑ رکھی ہے۔ مودی جب تک برسر اقتدار رہیں گے، بے روزگاری کا مسئلہ بھی ملک کا پیچھا کرتا رہے گا۔ آئندہ چھ ماہ کے دوران بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا‘۔ کارپوریٹ ٹیکس کی معافی سے متعلق مرکز کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ بعض صنعتکاروں کو ایسے فوائد دیئے گئے ہیں لیکن سماج کے غریب طبقات کو نہیں دیئے گئے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ حکومت، بندرگاہوں، ایر انڈیا، کوئلہ کی کانوں اور عوامی شعبہ کی صنعتوں جیسے ملک کے اثاثوں کو خانگیانے کے منصوبے بنارہی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے الزام عائد کیاکہ ’مودی، امبانی اور اڈانی کے لاؤڈ اسپیکر ہیں۔ وہ (مودی) بالکل ایک پاکٹ مار جیسے ہیں جو کسی کی پاکٹ اُڑانے سے پہلے اُس کی توجہ ہٹاتا ہے۔ ان (مودی) کا ایک ہی کام ہے جو عوام کی توجہ ہٹاتا ہے تاکہ آپ کی دولت اپنے منتخب پسندیدہ صنعتکاروں کو پہونچا سکیں‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت قانون (منیریگا)، حق اغذیہ، حصول اراضی اور قبائیلی قوانین میں ترمیم کی گئی لیکن جی ایس ٹی میں ترمیم حکومت کو منظور نہ تھی‘۔ ملک کی معیشت صنعتکار نہیں بلکہ کسان، مزدور اور چھوٹے و متوسط بیوپاری چلاتے ہیں۔