ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت، رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کو ستائشی مکتوب
حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی نے ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ایس سنتوش کمار کی جانب سے شجرکاری سے متعلق گرین انڈیا چیلنج پروگرام کی ستائش کی ہے۔ یہ پروگرام ملک بھر میں مقبولیت حاصل کرچکا ہے اور کئی قومی شخصیتوں نے اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے شجرکاری کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کو مکتوب روانہ کیا ۔ مکتوب میں شجرکاری سے متعلق سنتوش کمار کی کتاب ’’ورکشا ویدم‘‘ کی بھی ستائش کی گئی ۔ وزیراعظم نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ گرین انڈیا چیلنج پروگرام کے بارے میں سننے کے بعد کافی مسرت ہوئی ہے کیونکہ یہ پروگرام ملک بھر میں گرین کور میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے ۔ شجرکاری کے ذریعہ ملک میں سرسبز و شاداب ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے صاف ستھرا ماحول اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے شروع کی گئی اس مہم کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ سال ڈسمبر میں ورکشا ویدم کتاب کی رسم اجراء انجام دی تھی ۔ اس کتاب میں درختوں اور جنگلات سے متعلق ہندوستانی لٹریچر اور جنگلات کی خوبصورت تصاویر کو پیش کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کتاب عوام بالخصوص نوجوانوں کو انسانیت اور قدرتی ماحول سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے ستائشی مکتوب پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے مکتوب کا حاصل ہونا ان کے لئے مسرت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تجاویز کو اختیارکرتے ہوئے گرین چیلنج پروگرام کو مزید توسیع دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گرین انڈیا چیلنج کے تحت تلنگانہ میں شجرکاری کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد یہ مہم ملک کے دیگر حصوں میں اختیار کی گئی ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو بھی مہم کا حصہ رہ چکے ہیں ۔