حیدرآباد ۔7۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کل 8 جولائی کو تلنگانہ کا ا یک روزہ دورہ کریں گے اور ورنگل ضلع میں ترقیاتی پروگراموں کا آغاز کریں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم صبح 10.15 بجے ایرفورس کے ہیلی کاپٹر سے حکیم پیٹ اسٹیشن سے مامنور پہنچیں گے اور مشہور بھدرا کالی مندر کا درشن اور خصوصی پوجا میں حصہ لیں گے۔ 11 بجے دن آرٹس اینڈ سائنس کالج گراؤنڈ پہنچیں گے جہاں ورچول موڈ میں مختلف انفراسٹرکچر اور ترقیاتی پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں کریم نگر تا ورنگل قومی شاہراہ کی تعمیر شامل ہیں۔ وزیراعظم منچریال اور ورنگل کے درمیان 4 لین کی نئی گرین فیلڈ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ منچریال تا ورنگل اور قومی شاہراہ 163-G کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ قاضی پیٹ میں ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وہ 11.30 بجے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے۔ حیدرآباد سے وزیراعظم راجستھان کیلئے پرواز کریں گے۔ر