ایک دن کے وقفہ سے دو اضلاع کا دورہ، 21,566 کروڑ کے پراجکٹس کا اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندرمودی آج محبوب نگرکا دورہ کریں گے جہاں وہ سرکاری تقاریب میں حصہ لینے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ایک دن کے وقفہ کے بعد ضلع نظام آباد کا دورہ کریں گے اس طرح دونوں ضلع میں 21,566 کروڑ روپئے کے پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گے اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی جی کشن ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر میں وزیراعظم کے دورہ کا شیڈول جاری ہوگیا ہے۔ خواتین تحفظات بل کی منظوری کے بعد وزیراعظم پہلی مرتبہ تلنگانہ کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں۔ خواتین ان کا بڑے پیمانے پر خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعظم کے دونوں اضلاع کے دوروں کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے مرکز میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت قائم ہوئی ہے، تب سے وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے 9 سال کے دوران 9 لاکھ کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ کو کئی پراجکٹس دیئے گئے ہیں۔ 26 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے انر رنگ روڈ تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر ابھی تک ایک گز اراضی بھی حوالے نہیں کی ہے۔ وزیراعظم ترقیاتی و تعمیری کاموں کیلئے تلنگانہ کے دورہ پر آرہے ہیں ان کا استقبال نہ کرنے والے کے سی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ خواتین تحفظات پر بی آر ایس کے ریمارکس مضحکہ خیز ہے کیونکہ کے سی آر کے پہلے پانچ سالہ میعاد میں کابینہ میں ایک خاتون کو بھی موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم محبوب نگر اور نظام آباد میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ن