ریلوے کوچ رپیرنگ یونٹ اور میگا ٹکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی 8 جولائی کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے جہاں قاضی پیٹ میں ریلوے ویاگن اوور ہالنگ سرویس سنٹر اور ورنگل میں میگا ٹکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ وزیراعظم ایک جلسہ سے بھی خطاب کریں گے ۔ بی جے پی نے وزیراعظم کے دورہ کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ پارٹی نے جنوبی ریاستوں کے بی جے پی صدور اور آرگنائزنگ سکریٹری کا اجلاس 8 جولائی کو حیدرآباد میں طلب کیا تھا۔ قومی صدر جے پی نڈا اجلاس کی صدارت کرنے والے تھے لیکن وزیراعظم کے دورہ کے پیش نظر اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ۔ اسمبلی انتخابای تیاریوں کے ضمن میں وزیراعظم کا دورہ ورنگل اہمیت کا حامل ہے۔ جے پی نڈا نے 25 جون کو ناگر کرنول میں جلسہ سے خطاب کیا تھا ۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے نے پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں وزیراعظم کے دورہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مصروف شیڈول کے باوجود تلنگانہ کے دورہ کو قطعیت دی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت تلنگانہ انتخابات پر سنجیدہ ہے۔ ورنگل کے جلسہ کو کامیاب بنانے بی جے پی نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں وعدہ کیا گیا تھا کہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیاکٹری قائم کی جائیگی لیکن مودی حکومت ریلوے ویاگن رپیرنگ یونٹ قائم کر رہی ہے۔ وزیراعظم پہلے اعلان کے مطابق 12 جولائی کو تلنگانہ کا دورہ کرنے والے تھے لیکن پروگرام کو اڈوانس کردیا گیا ۔ بی جے پی وزیراعظم کے اس دورہ کو انتخابات کی مہم کا آغاز تصور کر رہی ہے۔ ورنگل اور اطراف کے اضلاع سے ہزاروں افراد جلسہ عام میں شریک ہونگے۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی دورہ کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ر