وزیراعظم نریندر مودی کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں جرمن کمپنی کا آغاز، نریندر مودی نے ورچول افتتاح کیا، ڈیفنس اور ایرو اسپیس شعبہ جات میں سرمایہ کاری

حیدرآباد ۔ 26۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ گلوبل سمٹ 8 اور 9 ڈسمبر کو بھارت فیوچر سٹی میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج ایرو اسپیس کے شعبہ میں نامور کمپنی لیپ انجن ایم آر او کی تقریب سنگ بنیاد میں شرکت کی۔ جی ایم آر ایرو پارک میں یہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ورچول حصہ لیتے ہوئے فرانس کی مشہور کمپنی سفران کی رپیر فیسلیٹی کا افتتاح کیا۔ طیاروں کے انجن کی مرمت اور مینٹننس میں یہ کمپنی اہم رول ادا کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ویژن ڈاکیومنٹ میں مختلف شعبہ جات کی ترقی کا روڈ میاپ جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی 30,000 ایکر اراضی پر قائم کی جارہی ہے۔ فیوچر سٹی بین الاقوامی انفراسٹرکچر سہولتوں کے ساتھ نیویارک ، ٹوکیو ، دبئی اور سنگا پور سے مسابقت کرے گی۔ ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی سے سمٹ میں شرکت
کی خواہش کی تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ حیدرآباد اور بنگلور کو ڈیفنس اور ایرو اسپیس راہداری کے طور پر اعلان کیا جائے تاکہ وکست بھارت اسکیم کے تحت تلنگانہ میں صنعتی ترقی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کی ستائش کی جارہی ہے ۔ حیدرآباد ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں 25 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں اور 1500 سے زائد چھوٹے اور متوسط صنعتوں نے اپنے ادارے قائم کئے ہیں۔ عالمی انفراسٹرکچر سہولتوں کے ساتھ ایرو اسپیس پارک اور اسپیشل اکنامک زونس قائم کئے گئے جہاں عالمی اداروں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرو اسپیس کے شعبہ میں سفران ، بوئنگ ، ایر بس ، ٹاٹا بھارت فورج اور دیگر اداروں نے اپنے مینوفیکچرنگ یونٹس حیدرآباد میں قائم کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبہ میں اکسپورٹ گزشتہ 9 ماہ میں بڑھ کر 30742 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ وزارت شہری ہوا بازی نے حیدرآباد کو ایرو اسپیس کے شعبہ میں ایوارڈ سے نوازا ہے ۔ بہتر اور کم خرچ میں حیدرآباد دنیا بھر میں نمبر ون شہر کا درجہ حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے تقریب میں وزیراعظم کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبہ میں تلنگانہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ مینٹننس ، رپیر اور اوور ہال جیسے کاموں کی تکمیل کیلئے کسی بیرونی کمپنی نے اپنا ادارہ حیدرآباد میں قائم کیا ہے۔ جرمن کمپنی
1300 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گی اور ایک ہزار سے زائد ٹیکنیشنس اور انجینئرس کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے سفران کمپنی کو ایرو اسپیس کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی میں اشتراک کی خواہش کی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتوں کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سفران کا ایم 88 ملٹری انجن ہندوستانی فضائیہ اور بحریہ کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 100 آئی ٹی آئی اداروں کو اڈوانس ٹکنالوجی سنٹرس میں تبدیل کیا ہے۔ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں تربیت دی جائے گی۔ ملٹری انجن سے حیدرآباد میں رافیل جنگی طیاروں کو تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ سفران کمپنی کے نمائندوں نے چیف منسٹر کو کمپنی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ اس موقع پر اسکل یونیورسٹی کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب میں مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو اور ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو شریک تھے۔1