کیرالا کے ویاناڈ میں اظہار تشکر ریالی ، مودی اور بی جے پی پر تنقیدوں کا احیاء ، صدر کانگریس کا والہانہ خیرمقدم
مالاپورم (کیرالا) وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنے لوک سبھا حلقہ وایاناڈو میں اظہار تشکر ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی نفرت کے پجاری ہیں اور ہم محبت کے حامی ہیں ۔ وزیراعظم نے نفرت پھیلانا شروع کیا اور عدم رواداری کی فضاء قائم کی ہے لیکن ہم اس کا محبت اور اخوت کے ساتھ خاتمہ کریں گے ۔ بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیلئے انہوں نے ایک بڑا روڈ شو منعقد کیا ۔ اس روڈ شو کے دوران راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی بہت جلد ایک مضبوط اپوزیشن کے طورپر ابھرے گی اور غریبوں کی دفاع کرے گی ۔ مودی کے پاس بے شمار دولت ہوگی ۔ ان کے پاس میڈیا ہے ، ان کے پاس دولت مند دوست ہیں لیکن کانگریس پارٹی بی جے پی کی نفرت پر مبنی سیاست اور عدم رواداری کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی ۔ بی جے پی اور مودی نے جو نفرت کا ماحول پیدا کیا ہے اور عدم رواداری کے ذریعہ ہندوستانیوں میں پھوٹ ڈال دی ہے ہم اس کا محبت اور اخوت کے ساتھ خاتمہ کریں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کی نمائندگی کو آگے لے جائیں گے اور ایک بہتر وایاناڈ تعمیر کریں گے ۔ شدید اور موسلادھار بارش کی پرواہ کئے بغیر صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنے حلقہ میں شاندار روڈ شو منعقد کیا ۔
ان کے استقبال کیلئے عوام کی کثیر تعداد سڑکوں کی دونوں جانب دیکھی گئی ۔ ان کے روڈ شو میں کانگریس کے پرچموں کے ساتھ انڈین مسلم لیگ کے پرچم بھی لہراتے ہوئے دیکھے گئے ۔ راہول گاندھی اظہار تشکر کے تین روزہ دورہ پر یہاں پہونچے اور انہوں نے خصوصی کھلی گاڑی میں بیٹھ کر ریاستی کانگریس قائدین کے ساتھ ضلع کے مختلف اسمبلی حلقوں میں پائے جانے والے تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے وہ عوام کے کثیر ہجوم کا ہاتھ ہلاکر جواب دیتے رہے ۔ ایک مقام پر جب ہجوم بے قابو ہوا تو پولیس نے اس علاقہ کو گھیر لیا ۔ روڈ شو کے دوران راہول گاندھی اپنی گاڑی سے اتر گئے اور ایک چائے کی دوکان میں پہونچ کر چائے نوش کی ۔ راہول گاندھی کے اس عمل نے سکیورٹی عملہ کو حیران کردیا ۔ ان کے ساتھ موجود کانگریس قائدین نے بھی چائے نوشی کی ۔ ان کے استقبال کیلئے خواتین اور بچوں کے بشمول ہزاروں افراد نے شدید بارش کی پرواہ نہیں کی اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے سڑکوں پر موجود رہے ۔ انتخابی کامیابی کے بعد کیرالا کا تین روزہ دورہ کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی نے یہاں 4.31 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ انہوں نے اپنے روایتی حلقہ اترپردیش کے امیتھی سے بھی مقابلہ کیا تھا لیکن وہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی سے شکست کھاگئے ۔ راہول گاندھی کی کھلی گاڑی کثیرہجوم کے درمیان رینگتے ہوئے آگے بڑھ رہی تھی ۔ لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ اس جلوس میں انڈین یونین مسلم لیگ کے سبز پرچم بھی لہرائے گئے جو کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کی حلف پارٹی ہے ۔ اس روڈ شو سے سکیورٹی عملہ کے ارکان کو پریشانی ہورہی تھی ۔ کیونکہ اس ضلع کو نکسلائیٹس سے متاثرہ ضلع قرار دیا جاتا ہے ۔