وزیراعظم نیوزی لینڈ جسنڈا آرڈن کا شادی کرنے کا فیصلہ

   

سڈنی : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن موسم گرما میں شادی کرنے کا منصوبہ بنارہی ہیں ۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس تعلق سے تاہم انہوں نے کوئی تاریخ تعین نہیں کی ہے ۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے اپنی ایک رپورٹ میں وزیراعظم کے اس بیان کا حوالہ دیا جو انہوں نے کوسٹ ریڈیو سے بات کرتے ہوئے دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ( آرڈرن) اور ان کے پارٹنر کلارک گیفورڈ جو ایک ٹیلی ویژن میزبان ہیں ، نے بالآخر شادی کیلئے تاریخ کا تعین کرلیا ہے ۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم اس تاریخ کے بارے میں ہر ایک کو بتاتے پھررہے ہیں جب ہم اپنے رشتہ داروں اور قریبی دوستو ں کو مدعو کریں گے تو تاریخ کا از خود افشاء ہوجائے گا ۔ 40سالہ آرڈرن کی 44سالہ گیفورڈ سے 2019ء میں منگنی ہوئی تھی اور ان کی ایک دو سالہ بیٹی بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں موسم گرما ڈسمبر تا فبروری رہتا ہے تاہم شادی زیادہ دھوم دھام سے نہیں کی جائے گی ۔ وہ محسوس کرتی ہیں کہ دلہن بننے اور زیادہ تام جھام کیلئے ان کی عمر موزوں نہیں ہے ۔ وہ کوئی 20سالہ دوشیزہ نہیں ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ 2017ء میں جب وہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بنیں تو وہ اس وقت نیوزی لینڈ کی سب سے کم عمر وزیراعظم قرار دی گئیں اور ایک ایسے وقت انہوں نے عہدہ سنبھالا جب وہ حاملہ تھیں ۔