وزیراعظم نے وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھائی

   

ناگپور: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ناگپور ریلوے اسٹیشن سے ناگپور اور بلاسپور کو جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ مودی نے صبح تقریباً 9.30 بجے ناگپور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور پریمیم ٹرین کو جھنڈی دکھائی۔بلاس پور۔ناگپور وندے بھارت ایکسپریس اپنا سفر ساڑھے پانچ گھنٹے میں مکمل کرے گی۔ اس دوران وندے بھارت ایکسپریس کا رائے پور، درگ اور گونڈیا میں توقف ہوگا ۔پہلی ’’وندے بھارت ایکسپریس‘‘ ٹرین کو 15 فروری 2019 کو نئی دہلی کانپور۔الہ آباد۔وارانسی روٹ پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔اس موقع پر مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، وزیر ریلوے راؤ صاحب دانوے ، مرکزی وزیر نتن گڈکری، مہاراشٹر اکے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور دیگر اہم رہنما موجود تھے ۔ اس کے بعد مودی نے ناگپور میٹرو ریل پراجکٹ کا بھی افتتاح کیا اور ٹکٹ خرید کر فریڈم پارک سے کھپری تک کا سفر بھی کیا۔ اس دوران مودی نے ناگپور میٹرو میں سفر کرنے والے طلباء سے بھی بات چیت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ناگپور میٹرو کے مرحلہ 2 کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس پراجکٹ پر 6700 کروڑ روپے خرچ ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ناگپور اور گوا میں ہزاروں کروڑ کی لاگت والے ترقیاتی پراجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور بعض پراجکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ بعد میں گوا میں موپا بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کیا اور دیگر پراجکٹس کا بھی آغاز کیا۔