وزیراعظم نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا آن لائین افتتاح کیا

   

چیف منسٹر بہار نے شمع روشن کی ۔ کھیلوں کا انعقاد بہار کیلئے قابل فخر ۔ نتیش کمار کا خطاب
پٹنہ : وزیر اعظم نریندر مودی نے آن لائین کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے افتتاح کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کنکر باغ واقع پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس میں مشعل روشن کرکے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے ویڈیو پیغام کے توسط سے بہار کے کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کے جوش و جذبے کی تعریف کی۔ آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے رنگا رنگ پروگرام پیش کیا گیا۔ بہار کی مشہور لوک گلوکارہ میتھلی ٹھاکر نے اپنی گلوکاری سے سامعین کو مسحور کیا اور مشہور اداکار مسٹر پنکج ترپاٹھی نے موسیقی کے ذریعے بہار کے شاندار ماضی کو بیان کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس سال بہار میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس کے افتتاح کا اعلان وزیر اعظم مودی ویڈیو پیغام کے ذریعے کر رہے ہیں۔ اس کیلئے میں وزیر اعظم کامشکور ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ 2018 سے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، اس سال مرکزی حکومت نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کے انعقاد کی ذمہ داری بہار کو دی ہے ، یہ ہم تمام بہاریوں کیلئے فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا انعقاد 5 اضلاع یعنی پٹنہ، گیا، نالندہ بھاگلپور اور بیگوسرائے میں کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی حکومت پہلے ہی کھیلوں کی سہولیات تیار کر رہی ہے اور اب مرکزی حکومت بھی اس میں مدد فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاٹلی پتر اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے ، جہاں آج یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے ۔ تمام اسکولوں اور دیگر مقامات پر کھیل کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔ اچھے کھلاڑیوں کو میڈلز جیتنے پر براہ راست نوکریاں دی جا رہی ہیں، اس کے تحت اب تک 367 کھلاڑیوں کو سرکاری نوکریاں دی جا چکی ہیں۔ کھیلوں کو مزید فروغ دینے ، سال 2024 میں نیا کھیل محکمہ بنایا گیا ہے ۔ بہار کی ترقی میں وزیر اعظم مودی حکومت کی مکمل مدد حاصل ہے ۔ ان کی قیادت میں مسلسل تیسری مرتبہ مرکزی حکومت کے قیام کے بعد جولائی 2024 میں پیش کیے گئے بجٹ میں بہار کو خصوصی مالی امداد کی شکل میں سڑک ، صنعت ، صحت ، سیاحت اور سیلاب پر قابو وغیرہ کے لیے بڑی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔