وزیراعظم پاکستان عمران خان، عامر خان کا باکسنگ میچ دیکھنے سعودی عرب جائیں گے؟

   

اسلام آباد۔ 8جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سعودی عرب میں ہندوستانی حریف سے ہونے والا میچ دیکھنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو دعوت دیدی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عامر خان کے تشہیری ٹوئٹر اکاؤنٹ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بین الاقوامی باکسر اور ان کی اہلیہ کی تصویر شائع کی۔اس ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ برطانوی اور ہندوستانی باکسر نیرج گویت کے درمیان ہونے والے میچ کیلئے عامر خان نے عمران خان کو سعودی عرب آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔تاہم وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے اس پیشکش اور اسے قبول کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے نہیں آئیں جس کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب جانے یا نہ جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ عامر اور نیرج کے درمیان یہ مقابلہ سعودی شہر جدہ میں 12 جولائی کو ہوگا۔