اقوام متحدہ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جمعہ کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے اوّلین خطاب میں مسئلہ کشمیر اُٹھایا۔ اُنھوں نے مطالبہ کیاکہ ہندوستان کو چاہئے کہ وادیٔ کشمیر سے غیر انسانی کرفیو فوری برخاست کردے اور تمام زیرحراست افراد کو رہا کردے۔ اُنھوں نے اپنی طویل تقریر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں انتباہ دیا کہ اگر دو نیوکلیر مسلح پڑوسی ممالک کے درمیان تصادم ہوجائے تو اِس کے دوررس نتائج اُن کی سرحدوں سے ماورا ء مرتب ہوں گے۔ عمران خان نے کہاکہ جنگ کے بارے میں یہ صرف ان کی لفاظی نہیں ہے۔ وہ وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی کے اِسی شہ نشین سے دنیا بھر کو امن کا پیغام دینے پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔
’’مودی صدرجمہوریہ ہند ‘‘
وزیراعظم پاکستان کی زبان پھسل گئی
اقوام متحدہ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جمعہ کے دن زبان کی ایک لغزش کے نتیجہ میں نریندر مودی کو ’’صدر ہند‘‘ کے الفاظ سے مخاطب کیا۔ بعدازاں اُنھوں نے اپنی اِس زبان کی لغزش پر اظہار افسوس کیا۔
