وزیراعظم پاکستان کی امیر قطر سے ملاقات

   

دوحہ، 16 ستمبر (یو این آئی) پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے ، وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ملاقات ہوئی، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ شہبازشریف نے 9ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی طرف سے قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ امیر قطر سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔

سعودی وزیر داخلہ کا کویت میں صباح الاحمد کوسٹ گارڈ مرکز کا دورہ
کویت، 16 ستمبر (یو این آئی) سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کویت میں صباح الاحمد کوسٹ گارڈ مرکز کا دورہ کیا جس کا مقصد بحری سلامتی میں تعاون بہتر کرنے میں مدد دینا ہے ۔ ان کے ہم منصب شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے ان کا استقبال کیا۔کویت کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل شیخ مبارک علی یوسف الصباح نے پیر کے روز سعودی وفد کو میری ٹائم فورس کے مشن اور ذمہ داریوں بشمول بندرگاہوں اور علاقائی پانیوں کو محفوظ بنانے کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز نے جہازوں کو دیکھا اور آپریشن رومز اور موبائل کمانڈ اینڈ مانیٹر سینٹر سمیت سہولیات کا دورہ کیا۔
کویت نیوز ایجنسی نے کہا کہ یہ دورہ بحری سلامتی کو مستحکم کرنے ، سرحدی تحفظ بہتر کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز میں مہارت کے اشتراک کیلئے ممالک کے عزم کو اجاگر کرتا ہے ۔ اس دورے میں کویت میں سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد بن خالد سمیت کئی سینئر سکیورٹی اور وزارتی حکام شریک ہوئے ۔