وزیراعظم پر نت نئے تنازعات کھڑا کرنے ٹی آر ایس کا الزام

   

8 سال بعد پارلیمنٹ پر سوال اٹھانا مضحکہ خیز، ڈاکٹر کیشو راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔10 ۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راو نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی ملک میں نت نئے تنازعات پیدا کر رہے ہیں۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بارے میں راجیہ سبھا میں وزیراعظم کا بیان انتہائی قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہاکہ 8 سال قبل پارلیمنٹ کے فیصلہ کو نریندر مودی غلط ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے ذریعہ ہی ملک اور اس کی حکومت چلائی جارہی ہے۔ وزیراعظم کے عہدہ پر اس طرح کے بیانات مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نئے تنازعات کے ذریعہ عوام میں الجھن پیداکر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی کارروائی کی نگرانی صدر جمہوریہ کرسکتے ہیں اور ارکان کسی بھی قواعد کی خلاف ورزی کو موضوع بحث بناسکتے ہیں۔ کیشو راؤ نے کہا کہ دستور کے رہنمایانہ خطوط کے تحت پارلیمنٹ کی کارروائی چلائی جاتی ہے۔ نریندر مودی نے اپنے بیان کے ذریعہ سابقہ اسپیکر اور صدرنشین راجیہ سبھا پر سوال کھڑے کئے ہیں ، لہذا ٹی آر ایس نے تحریک مراعات پیش کی ہے۔ پارلیمنٹ کی کارروائی پر سوال کرنے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔ 8 سال بعد پارلیمنٹ کی کارروائی پر سوال اٹھانا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دراصل پارلیمنٹ کی توہین کی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ ناگیشور راؤ اور بی بی پاٹل اس موقع پر موجود تھے۔ ر