چھوٹے بھائی اور بڑے بھائی کے درمیان خفیہ اتحاد، عوام کانگریس اور بی جے پی کو شکست دیں
حیدرآباد ۔ یکم ؍ مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے وزیراعظم کی جانب سے تلنگانہ میں ’’ڈبل آر ٹیکس‘‘ وصول کرنے کا الزام عائد کیا مگر اس کی ای ڈی اور انکم ٹیکس کے ذریعہ تحقیقات نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے خفیہ معاہدہ کے تحت بڑے بھائی نریندر مودی چھوٹے بھائی ریونت ریڈی کو بچا رہے ہیں۔ ریاست میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان لوک سبھا کے انتخابات میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے جس کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چھ لوک سبھا حلقوں میں کمزور امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اصل موضوعات سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ملک کے جتنے بھی قائدین کے خلاف بدعنوانیوں کے الزامات عائد ہوئے ہیں وہ قائدین بی جے پی میں شامل ہوتے ہی ان پر عائد الزامات کو نظرانداز کردیا ہے۔ کانگریس کے دورحکومت میں ملک کے عوام نے ایمرجنسی کو دیکھا ہے۔ اگر دوبارہ کانگریس پر بھروسہ کرتے ہیں تو تاریخ دہرانے کے قوی امکانات ہیں۔2