ریاستوں میں کووڈ۔19 کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا، 16 جنوری سے ویکسین دینے کا عمل شروع
نئی دہلی : ہندوستان میں ویکسین دینے کی دنیا کی سب سے بڑی مہم شروع ہونے کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی کل بروز پیر دوپہر میں چیف منسٹروں کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کریں گے۔ اس اجلاس میں تمام ریاستوں کی جانب سے ویکسین دینے کے منصوبوں اور دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی تیاریوں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ وزیراعظم شام 4 بجے شروع ہونے والے اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس کورونا وائرس کی ویکسین دینے کا عمل شروع ہونے سے متعلق اپنی تیاریوں سے وزیراعظم مودی کو واقف کرائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی ریاستوں میں کووڈ۔ 19 کی صورتحال کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کریں گے۔ 16 جنوری سے کووڈ۔ 19ویکسین دینے کا عمل شروع ہورہا ہے، اس سے قبل وزیراعظم کا یہ ڈیجیٹل اجلاس غیرمعمولی اہم ثابت ہوگا۔ ہندوستان میں دو ویکسین میں ایک آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی ویکسین جس کا نام ’’کوی شیلڈ‘‘ ہے جسے ہندوستان میں پونے کی سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا نے تیار کیا ہے۔ دوسری ویکسین بھارت بائیوٹیک ’’کوویکسن‘‘ ہے۔ ان دونوں ویکسین کو ہنگامی صورتحال میں استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بعد ڈرگ کنٹرول جنرل آف انڈیا نے بعض پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔ وزیراعظم نے 2020ء کووڈ۔19 وباء پھوٹ پڑنے کے بعد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستی چیف منسٹروں کے ساتھ کم از کم 6 مرتبہ بات چیت کی ہے۔